نئی دہلی،11جون (نمائندہ): قریش کا نفرنس (رجسٹرڈ)اور جمعیۃ علمائے قریش کے اشتراک سے کل ہند تعلیمی بیداری کا نفرنس اور تقریب اعزازی غالب انسٹی ٹیوٹ(دہلی) میں زیر صدارت مولانا مفتی محمدخورشیدقاسمی (شیخ الحدیث،دارالعلوم،میرٹھ)منعقد کی گئی۔کا نفرنس کے قومی چیئر مین صنوبر علی قریشی(سینئرایڈوکیٹ،سپریم کورٹ آف انڈیا)کی سرپرستی اور قریش کا نفرنس کے سینئر نائب صدر حاجی محمد سلیم احمد قریشی کی قیادت میں منعقد پروگرام میں ہندوستان بھر سے قریش برادری اوردونوں تنظیموں سے جڑے اہم شخصیات و علمائے عظام نے کثیر تعداد میں شر کت کی۔اس دوران ’آسان نکاح اور تجارت و تعلیم کی اہمیت کے حوالے سے پرسیر گفتگو کی گئی اور تینوں مہم کوجنونی مشن کے ساتھ زمینی سطح پر عمل کر نے کیلئے لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے۔
اس موقع پر مہمان خصوصی کے طور پر شریک دہلی اقلیتی کمیشن کے چیئر مین ذاکر خان منصوری نے اپنی گفتگو میں ایسی کا نفرنس کی ضرورت پر زور دیا اور کہاکہ آپ لوگوں کی تعلیم وتجارت اور آسان نکاح کی مہم قابل ستائش ہے، اس کیلئے کمیشن آپکے ساتھ شانہ بشانہ ہے، کوئی بھی دقت یا پریشانی آئیگی، اس کیلئے کمیشن ہمہ وقت تیار ہے، کیو نکہ موجودہ وقت میں مسلمانوں کو مضبوط بنا نے اور مین اسٹریم سے جوڑنے کیلئے ان تینوں مہم کی بیحد ضرورت ہے۔مہمان اعزازی کی حیثیت سے موجوددہلی کے ڈپٹی مئیرحاجی آل محمد اقبال نے اپنے خطاب میں کہاکہ بیشتر قریش برادری سے تعلق رکھنے والے افراد مرغا، مچھلی اور بھینس کے کاروبار سے جڑے ہیں، لیکن پچھلے کچھ سالوں سے گوشت کے کاروبار ی مختلف مسائل سے دوچار ہیں،گوشت کی تجارت کر رہے افرادکوکوئی بھی دقت یا پریشانی ہو وہ ہم سے رابطہ کر سکتا ہے،اسکی ہر طریقہ سے مدد کی جائیگی۔ انہوں نے بتایا کہ غازی پور میں قریش کمیو نٹی کے مسائل کے حل کی خاطرزیادہ پانی کیلئے دوالگ الگ بورنگ کا افتتاح کیاتھااور تاحال جس طرح سے یہ پروگرام منعقد کیا گیا ہے، ایسے پروگراموں کی واقعی اشد ضرورت ہے اور بذات خود میں بھی آپکے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر اورپوری ہمت و طاقت کے ساتھ کھڑا ہوں۔
پروگرام کے روح رواں ایڈوکیٹ صنو برقریشی اور حاجی سلیم احمد قریشی نے بتایا کہ علمائے کرام کی سرپرستی میں پہلی بار ہم نے قریش کمیو نٹی کو جوڑا ہے،اس میں ہم نے یہ عہد کیا ہے کہ علمائے کرام کی قیادت میں آسان نکاح کی مہم کو مزید مضبوط بنائیں گے اور دینی و دنیو ی تعلیم کے فروغ کیلئے متحرک و فعال ہو کر کام کریں گے،ساتھ ہی تجارت کو بہتر بنائیں گے اور علمائے دین نے یقین دلایا کہ آپکے ساتھ مل کر زمینی سطح سے کام کریں گے،ناجائزا رسوم و رواج کے خلاف مضبوطی کیساتھ کھڑاہوں گے،بدعت اور غیر قوموں کی رسموں میں ملوث افراد کا ہم نکاح نہیں پڑھائیں گے،یہاں تک کہ جنازہ کی نماز بھی نہیں پڑھائیں گے۔ قریش کا نفرنس کی خواتین شعبہ کے ہیڈ پروفیسر معین خلیل قریشی نے تعلیم و تربیت کے تعلق سے منصوبہ پیش کیا، جسکی تمام سامعین نے ستائش کی۔تقریب سے قریش کا نفرنس کے سیکریٹری جنرل محمدعاشقین قریشی،یو پی کے سابق وزیر محمد نثار احمد خان، نائب صدر ڈی ایم یوسف قریشی (بنگلورو)،حاجی افسر قریشی (جھا رکھنڈ)،قومی سیکریٹری محمد مبارک قریشی(کر ناٹک)،عبد الصمد قریشی،ضیاء اللہ قریشی (تملناڈو)،شہادت اللہ خان (لیگل ایڈوائزر، بنگلورو)،محمدشرافت حسین قریشی،پروفیسرطارق قریشی،محمدخالد قریشی،جمعیۃ علماء کے سینئر لیڈر مفتی محمد سلمان قاسمی،مولانا الیاس قریشی،صابرقریشی،شاداب قریشی،عارفین قریشی،سلیم قریشی،محمد نبی قریشی،ندیم اکبر قریشی ودیگر نے بھی اظہا رخیال کیا۔آخر میں مولانا خورشید قاسمی نے ملک و ملت کی فلاح و بہبود و امن وامان کیلئے خصوصی دعا کرائی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here