نئی دہلی،25/دسمبر(محمد ارسلان خان):پچھلی شب پرانی دہلی کے شاہجہانی جا مع مسجد علاقہ میں واقع مشہور رحمت اللہ ہوٹل میں سابق مرکزی وزیر،سری نگر سے ممبر آف پارلیمنٹ،نیشنل کا نفرنس پارٹی کے چیف اورجموں وکشمیرمیں کئی بار وزیر اعلی رہے ڈاکٹر فاروق عبد اللہ پہنچے،انکے ساتھ تمام سیکورٹی اہلکاراورکمانڈرموجودتھے،انہیں اطراف کے علاقوں کے بارے میں اور تاریخی اہمیت کے حامل بازار وں سے روشناس کرایا گیا۔اس موقع پر ہوٹل کے سرپرست الحاج محمدفضل الرحمان قریشی نے فاروق عبد اللہ صاحب کا گرمجوشی سے استقبال کرتے ہوئے اپنے دیرینہ مراسم کاذکر کیا اور نیک خواہشات پیش کیں۔الحاج فضل الرحمان نے مزید کہاکہ ملک کے اعلی ترین سیاستدانوں میں شامل فاروق صاحب اور انکے والدگرامی شیخ عبد اللہ (مرحوم) کی خدمات سنہرے حرفوں میں لکھے جا نے کے لائق ہیں،بالخصوص ہندوستانی مسلمانوں پرجو احسانات کئے ہیں، انہیں قطعی فراموش نہیں کیاجاسکتاہے،لہذاآج کے وقت میں فاروق صاحب کے صاحبزادے عمر عبد اللہ جیسے لیڈر قوم وملت کے سچے ہمدرد اوررہنماہیں۔اس موقع پرمختلف سیاسی و سماجی تنظیموں سے جڑے سوشل ورکر الحاج محمد آدم رحمان قریشی اورانکی اہلیہ محترمہ اسماقریشی نے فاروق صاحب کی اچھی صحت کیساتھ ساتھ عمردرازی کی دعا کی اور کہاکہ اتنے بڑے سیاستداں ہو نے کے بعد جس شفقت اور عاجزی کیساتھ ملتے ہیں نیز قوم کی رہنمائی اورمسلم نوجوانوں کی فکرکرتے رہتے ہیں،ایسا لیڈرملک و قوم کوملنا ناممکن ہے۔آخرمیں لوکسبھا کے رُکن(ایم.پی) ڈاکٹر فاروق عبد اللہ نے شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ اس خاندان سے مجھے بہت پیار ملتا ہے، بالخصوص میں نے الحاج فضل الرحمان اور آدم قریشی سے وعدہ کررکھاتھا،یہاں آنے کااورآخرمیں یہاں پہنچ سکا، میری شاندار طرح سے مہمان نوازی کی ہے،اسکامیں بیحدمشکورو ممنون ہوں،ساتھ ہی میں انہیں جموں و کشمیر آنے کی بھی دعوت دیتاہوں اوردونوں خاندانوں میں اسی طرح پیار ومحبت رہے،اسکی میں دعا کرتاہوں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here