نئی دہلی،28/ستمبر(محمدارسلان خان):سماجی خدمتگار حاجی محمد جمال الدین رضوی نے جشن عید میلا دالنبی صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کی مسلمانان ہند کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہاکہ پیغمبر اسلام ﷺ کی ذات مبارکہ امت مسلمہ کیلئے آئینہ ہے، جسکی روشنی میں دنیاواخروی زندگی کو سنواراپنی آخرت اور زندگی کوکا میابی و کامرانی سے ہمکنار کر سکتے ہیں۔انہوں نے میڈیاکو جاری اپنے پیغام میں کہاکہ سرورکونین امام الانبیاء ﷺ کی تعلیمات ہی نجات دہندہ ہیں اورپیغمبررسول ﷺ کی تعلیمات سے ہی دنیا سے دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہے اور آقائے نامدار ﷺ کی حیات طیبہ پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔ جمال الدین نے مسلمانوں کو رضائے الہی میں وقت صرف کر نے کی ضرورت پر زور دیااورکہاکہ سرور کونین تاجدار دوعالم ؐ نے اپنی امت کو ایسا درس دیاہے،جسکی کہیں مثال نہیں ملتی ہے اور ا نکی عظمت ورفعت کے قصیدے ا وردرود انسان تو انسان فرشتے و ملائکہ بھی پڑھتے ہیں۔سماجی اور فلاحی تنظیموں سے وابستہ حاجی جمال رضوی نے سرور کونین ﷺ سے محبت اور انکے طور طریقے کو اختیار کر نے کی پرزور تلقین کی اور اپنے پُر مغز خطاب میں کہاکہ رسول معظمؐ کی پیدائش تمام امت مسلمہ کیلئے نعمت عظمیٰ ہے اور رب کائنات نے سرور کونینؐ کی تعلیمات میں ہی دنیوی اخروی زندگی میں کا میابی وکامرانی رکھی ہے، ہمیں اپنی زندگی کا ہر لمحہ آقائے دوجہاں ؐ کے مطابق ہی گزارنا چاہئے۔انہوں نے یہ بھی کہاکہ رب کائنات نے اپنے محبوبؐ کو نبی بنا کر مبعوث نہیں فرما یا بلکہ پوری امت کیلئے رحمت بنا کرمبعوث فرما یا ہے۔ حاجی جمال نے اپنی منفرد تقریر میں مزید کہاکہ جسوقت انسانیت کا جنازہ اٹھ رہا تھا بات بات پرتلوار نیام سے باہر آرہی تھیں،الغرض پوری دنیامیں امن وشانتی اور پیار ومحبت اور انسانی قدروں کو پامال کیا جارہا تھا،ایسے اندوہناک حالات میں رب کریم نے اپنے حبیب مکرم کو دنیا میں مبعوث فرما کر حالات کو نہ صرف بہتر بنا نے پر زور دیا،بلکہ وحدانیت کی شمع روشن کی، ضروری ہے کہ لاڈلے و پیارے نبیؐ کی تعلیمات کوفروغ دیں،بالخصو ص تاحال دوسرے مذاہب کے افراد کو رسول اکرم اور رب کے حبیب کے اقوال و طریقے سے آراستہ کرانابیحد ضروری ہے۔انکا یہ بھی کہناتھا کہ تعلیم، تنظیم اور تجارت پرسرور معظم نور نبی ؐ نے بیحد زور دیا اور آپسی اتحادو بھائی چارگی کیساتھ رہنے پر زور دیا،ساتھ ہی آپسی رشتوں کو کیسے بہتراور مضبوط بنایا جائے اور پڑوسیوں کے کیا حقوق ہیں نیز والدین کی عظمت واحترام کے تعلق سے جو پیغام دیا ہے، وہ سنہرے حرفوں میں لکھے جا نے کے لائق ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here